بیٹے نے مردہ ماں کی آواز میں بات کرکے والد کو کنگلا اور مقروض کردیا

591

لندن: برطانیہ میں ایک لڑکے نے اپنی مردہ ماں کی آواز میں بات  کرکے مالی فائدہ اٹھایا جس سے اس کا باپ کنگلا اور مقروض ہوگیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق لڑکے کا والد اپنی اہلیہ کے وفات پانے پر افسردہ تھا جب کہ بیٹے نے دھوکا دہی کرتے ہوئے اسے 73 ہزار 384 ڈالر کا نقصان پہنچا دیا۔

ڈینیل کتھبرٹ نے اپنی مردہ ماں کی آواز کی نقل کرکے 2017 اور 2018 کے درمیان 14 ماہ کے عرصے میں اپنے والد کی پوری زندگی کی بچت کو بینک اکاؤنٹ سے ختم کر دیا اور انہیں مقروض بنادیا۔

والد کو 2017ء کے وسط میں رقوم چوری ہونے کے بارے میں شک ہونے لگا اور انہوں نے اپنے بیٹے سے استفسار کیا لیکن چونکہ وہ اپنی شریک حیات کے دار فانی سے کوچ کرجانے کے بعد انتہائی دکھی تھے لہٰذا وہ اپنے بیٹے سے زیادہ تصادم نہیں چاہتے تھے، تاہم معاملات اس وقت مزید سنگین ہو گئے جب ایک اہلکار نے 2018 میں والد کو اس بات سے آگاہ کیا کہ وہ اپنے قرضوں کی وجہ سے اپنا گھر کھونے والے ہیں اور والد کی رقم کی گمشدگی کی اطلاع پر نارتھمپٹن شائر پولیس نے فراڈ کی تحقیقات شروع کردیں جس میں بالآخر ان کے بیٹے ڈینیل کتھبرٹ کی گرفتاری عمل میں آئی۔

سارجنٹ مائیک راجرز نے ساؤتھ ویسٹ نیوز سروس کو بتایا کہ اس شخص نے اپنے والد کے اعتماد کا حقارت آمیز غلط استعمال کیا۔ اس نے اپنے والد اور یہاں تک کہ اپنی مرحوم والدہ کی بھی جھوٹی نمائندگی کی تاکہ دھوکے سے پیسا چوری کیا جاسکے۔

ڈینیل نے بڑی مقدار میں رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کی۔ کتھبرٹ نے فون پر خود کو کبھی والد ظاہر کرکے اور کبھی اپنی مردہ ماں کی آواز میں بات کرکے بینکوں کو کئی فون کالز کیں اور کم از کم نو مواقع پر والد کے اکاؤنٹ سے رقوم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروائیں۔