تعلیمی بورڈز کا پاسنگ مارکس 40 مقرر کرنے پر اتفاق

567

اسلام آباد:ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں پاسنگ مارکس کم از کم 40 ہونے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ملک کے تعلیمی بورڈز کے چاروں چیئرمینوں کی کمیٹی کا دو روزہ اجلاس ہوا جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور اہم امور پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں کمیٹی نے پاسنگ مارکس کو کم از کم 40 فیصد کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے مسلم طلباء کے لیے قرآن پڑھنا لازمی قرار دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

بورڈز کے چیئرمینوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ ملک بھر میں یکساں رزلٹ کارڈ متعارف کرایا جائے گا اور امتحانی شیڈول مارچ اپریل کی بجائے مئی جون میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں رواں سال کے لیے انٹر بورڈ اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بلوچستان بورڈ رواں سال انٹربورڈ اسپورٹس کمیٹی کا چیئرمین ہوگا۔