حکومت کو انسانی اسمگلنگ کا کاروبار سختی سے بند کرانا ہوگا، وزیر دفاع

588

اسلام آباد:  وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جب تک اسٹیٹ انسانی اسمگلنگ کے کاروبار کو بند نہیں کرے گی یہ کاروبار جاری رہے گا، انسانی اسمگلنگ کے کاروبار میں اتنی کشش ہے کہ لوگ ہر رسک لینے کو تیار ہیں۔

وزیر دفاع نے کہاکہ   سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ پر سر قلم کردیا جاتا ہے لیکن لوگ آج بھی وہاں منشیات لے کر جاتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ نے اپنے افسران کے خلاف ایکشن لے لیا ہے، سویلین سسٹم کو اس میں بہت سے رکاوٹیں ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ   قانون کو حرکت میں لانے کیلئے ہمیں رکاوٹیں عبور کرنی پڑ رہی ہیں جو عبور ہوجائیں گی، پابندی لگانے کا آپشن ہر وقت موجود ہے، ایکسرسائز کیا جاسکتا ہے، سوشل میڈیا یورپ، چائنہ، یونائیٹڈ سٹیٹ میں ریگولیٹ ہو رہا ہے، تمام جگہ سوشل میڈیا کے کچھ آداب ہیں، اسے مانیٹر کیا جاتا ہے، ہمارے یہاں سوشل میڈیا پر بغاوت کیلئے لوگوں کو سٹیٹ کے خلاف اکسایا جاتا ہے، 9 مئی کو ریاست کے خلاف جو بغاوت برپا کی گئی، سارا سکرپٹ سوشل میڈیا پر تیار کیا گیا۔