سمندری طوفان بائپر جوائے نے بھارت میں تباہی مچادی

446
سمندری طوفان بائپر جوائے نے بھارت میں تباہی مچادی

نئی  دہلی:سمندری طوفان بائپر جوائے نے بھارت میں تباہی مچادی، تیز ہوائوں اور موسلادھار بارشوں سے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت اور پول گرگئے، درجنوں ٹرینیں منسوخ کردی گئیں، نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا، مختلف حادثات میں 2افراد ہلاک اور 20سے زاد زخمی ہوگئے۔

بھارتی گجرات سے ٹکرانے کے بعد بائپر جوائے کمزور ہوگیا لیکن اب بھی تیز ہوائیں اور بارش ادھم مچارہی ہیں،ساحلی علاقے مانڈوی میں گھروں، اسپتالوں میں پانی بھرگیا، سیلاب میں پھنسے لوگوں کو کھانے پینے کی کمی کا سامنا ہے، ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات میں سیکڑوں درخت اکھڑ گئے، ساڑھے 4ہزار پول گرنے سے سیکڑوں دیہات بجلی سے محروم ہوگئے، سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا،رپورٹ کے مطابق بھانگر میں باپ بیٹا سیلاب میں بہہ گئے، ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

حکام کا کہنا ہے گجرات میں 100کے قریب ٹرینیں 18جون تک منسوخ رہیں گی،محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اب بائپرجوائے قدرے کمزور ہوکر راجستھان کی طرف بڑھے گا، طوفان کا رخ اس وقت پاکستان-کچھ سرحد کے قریب ہے، ہوا کی اوسط رفتار 70کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔