ناقص تعمیراتی کام کے ذمہ دار کنسلٹنٹس کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

634
ناقص تعمیراتی کام کے ذمہ دار کنسلٹنٹس کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

سوات : ضلع سوات میں ترقیاتی سکیموں کی نگرانی اورکام کی رفتار کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم اجلاس اور ناقص تعمیراتی کام کے ذمہ دار کنسلٹنٹس کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن  شاہد اللہ خان کی زیر صدارت سوات میں ترقیاتی سکیموں کی نگرانی اور تعمیراتی کام کاجائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر سی اینڈ ڈبلیو، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو اوردیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملاکنڈ ڈویژن اشفاق خان نے اجلاس کے شرکاء کو سوات میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت اور معیار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، کمشنر نے بریفنگ میں بعض ترقیاتی سکیموں کے معیار پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجینئر اورایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ وہ تمام جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کرتے ہوئے کوتاہیوں کا موقع پرازالہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناقص کام کرنے والے کنسلٹنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی منظوری ایک طویل عمل کے بعد دی جاتی ہے جو مفاد عامہ کی ضروریات کے مطابق کی جاتی ہے اور انہیں ناقص حالت میں تعمیر کرنا عوامی پیسے کے حوالے سے سنگین غفلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ ضائع کرنے والے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے متعلقہ محکموں کو پی سی ون کے مطابق پراجیکٹس پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کام کے معیار کو اولین ترجیح دی جائے اور غیر معیاری کام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔