سمندری طوفان بپر جوئے کا رخ تبدیل ، کراچی سے فاصلہ بڑھ گیا

523

کراچی:سمندری طوفان بپر جوئے کا کراچی سے فاصلہ بڑھ گیا، طوفان نے اپنا رخ تبدیل کر لیا ہے، سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 340کلومیٹر دور تھا، طوفان ٹھٹہ کے جنوب سے 355کلومیٹر اور کیٹی بندر کے جنوب مغرب سے 290 کلومیٹر دور ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بائپرجوائے طوفان کراچی کے جنوب میں 300 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے، طوفان کے اطراف میں 150 کلو میٹر فی گھنٹہ اور مرکز میں 170کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے 18واں الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق بائپر جوئے کی شدت اور پیش قدمی تیزی سے جاری ہے اور گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران اس کا سفر شمال مغرب کی طرف ہے۔

https://twitter.com/sherryrehman/status/1668608779422769152?s=20

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج کسی بھی وقت طوفان کا رخ شمال مشرق ہوجائے گا، کل سہ پہر یا شام کو کیٹی بندر اور بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا، کراچی میں قائم سائیکلون وارننگ سینٹر طوفان کی مسلسل نگرانی کررہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 جون تک سمندری طوفان شمال مشرق کی جانب بڑے گا اور 15جون کی دوپہر کو طوفان جنوب مشرقی سندھ میں کیٹی بند اور بھارتی گجرات سے ٹکرائے گا۔

ممکنہ اثرات کے دوران سمندری طوفان کے جنوب مشرقی سندھ کے ساحلی پٹی تک پہنچنے کی صورت میں 13 سے 17جون کے دوران ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع میں وسیع پیمانے پر آندھی، گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چل سکتے ہیں جن کی رفتار 80 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔

سمندری طوفان کے باعث دیہی سندھ کے ساحلی علاقوں میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ 300 ملی میٹر بارشیں ہوسکتی ہیں ۔ سمندری طوفان کے اثرات کے سبب کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوسکتی ہے۔