شہدا کی بے حرمتی کرنیوالے کو نشان عبرت بنا کر چھوڑیں گے، مریم نواز

376
story is over

باغ، آزاد کشمیر: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ شہدا کی بے حرمتی کرنے والے کو عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے۔

آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جس نے شہدا کی بے حرمتی کی، ان کی یادگاروں کو آگ لگائی، وہ طیارے جلا دیے جنہوں نے دشمن کے جہازوں کو مار گرایا تھا، وہ ہم میں سے نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا شخص پاکستانی بھی نہیں ہو سکتا

چیف آرگنائزر ن لیگ کا خطاب میں مزید کہنا تھا کہ ہم ان کا احترام نہیں کریں گے جنہوں نے ہمارے شہدا کا احترام نہیں کیا، ان کی یادگاریں  جلا دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلم لیگ ن کو توڑنے کے خواب دیکھتے تھے،آج تحریک انصاف خود کرچی کرچی ہو گئی ہے۔ جس کا دعویٰ تھا کہ میں اکیلا ہی کافی ہوں اور ان کو رلاؤں گا، وہ آج خود اکیلا بیٹھ کر رو رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ان کا اپنا آزاد کشمیر کا سابق وزیراعظم آج خود ان ہی کے خلاف گواہی دے رہا ہے۔ جس نے 9 مئی کو شہدا اور ان کی یادگاروں کے ساتھ یہ سلوک کیا وہ جس بنکر میں بھی چھپا بیٹھا ہے سن لے کہ پاکستانی قوم اور کشمیری کبھی اسے معاف نہیں کریں گے ، اسے عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے۔