فضائی مسافروں کو ائرپورٹس پر ہراساں کیا جا رہا ہے، ڈی جی سی اے اے

564

اسلام آباد : ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ کسٹمز، اے ایس ایف اور اے این ایف ائرپورٹس پر مسافروں کو ہراساں کرتے ہیں۔مسافروں کو سائیڈ پر لے جاکر جیل بھیجنے اور فلائٹس مس ہونے کی دھمکیاں دے کر پیسے بٹورے جارہے ہیں۔

سینیٹ ایوی ایشن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ہدایت اللہ کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں ائرپورٹس پر موجود ایجنسیوں میں کوآرڈی نیشن کے فقدان کا انکشاف ہوا۔ اجلاس کے دوران سول ایوی ایشن حکام کسٹم، اے ایس ایف اور اے این ایف کے خلاف پھٹ پڑے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے مسافروں کر ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا۔

ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ ائر پورٹس پر مسافروں کی چیکنگ کے لیے موجود اداروں کے درمیان کو آرڈی نیشن کا فقدان ہے، ائر پورٹس پر اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز والے ایک ساتھ نہیں بیٹھتے۔ائرپورٹس پر جوائنٹ سرچ کاؤنٹرز اداروں کے عدم تعاون کی وجہ سے غیر فعال ہیں۔مسافروں کی چیکنگ کے لیے ادارے ایک ساتھ کھڑے نہیں ہوتے۔ائر پورٹ پر ہر ایجنسی مسافروں سے برآمدگی کا کریڈٹ لینے میں لگی ہے۔

ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ لوگوں کو پکڑ کر سائیڈ پر لے جاتے ہیں، مک مکا کیا جاتا ہے، مسافروں کو فلائٹ مس ہونے اور جیل بھیجنے جانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔کچھ نہ بھی نکلنے پر مسافر کو پیسے دے کر جان چھڑانا پڑتی ہے۔ ہر جگہ سی سی ٹی وی لگا رہے ہی، کیمروں پر بھی ان لوگوں کو اعتراض ہے کہ کیمرے کیوں لگائے گئے؟ پارکنگ سمیت ائر پورٹس کے تمام حصوں میں کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔