لاہور: امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بجٹ سے قبل گیس کی قیمتوں میں 50فیصد تک اضافہ قابل مذمت ہے ۔
سوئی ناردرن کا ٹیرف 415روپے اور سوئی سدرن کا ٹیرف 417روپے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھانے کی منظوری سے عوام پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، مسلسل مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، حکومت نے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو آئندہ انتخابات حکمرانوں کے لئے ڈروانا خواب ثابت ہو نگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 40.20 فیصد، 22 ہزار روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے 43.49 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح 29 ہزار روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 42.87فیصد، 44ہزارروپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے 42.38 فیصد اور 44 ہزار روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 43.26فیصد رہی، ان اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ مہنگائی نے ہر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کو متاثر کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایران ، روس اور افغانستان کے درمیان تجارت ڈالر کی بجائے بارٹر سسٹم کے تحت کرنے کا فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈالر میں تجارت اور لین دین کم سے کم کی جائے مقامی کرنسی یا بارٹر سسٹم سے معاشی استحکام ممکن ہو گا اور خطے میں خوشحالی آئے گی ۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اگر 71ارب روپے کے صوبے خیبر پختونخوا کو قرض فری بنا سکتی ہے تو پاکستان کو بھی قرض فری بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔عوام جماعت اسلامی کی با صلاحیت پڑھی لکھی اور محب وطن قیادت پر اعتماد کریں۔