ڈیجیٹل پاکستان ہدف کے حصول کیلیے تیزی سے کام کررہے ہیں، وفاقی وزیر آئی ٹی

408

اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان ہدف کے حصول کے لیے تیزی سے کام کررہے ہیں۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مراکش میں جاری جائیٹکس افریقا ڈیجیٹل سمٹ 2023 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جائیٹکس افریقا ڈیجیٹل سمٹ و آئی ٹی نمائش میں عالمی رہنما، معروف ٹیک کمپنیوں کے عہدیداران، اسٹارٹ اپس کے بانیوں سمیت ٹیک لیڈرز نے شرکت کی۔ سید امین الحق نے کہا سائبر سیکورٹی، فری لانسرز پالیسیز اور پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل آئی سی ٹی صنعت کے فروغ میں کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔آئی ٹی انڈسٹری، فری لانسرز، اسٹارٹ اپس کے فروغ کے اقدامات نے پاکستان کو ڈیجیٹل حب بنادیا ہے۔آئی ٹی سیکٹر میں عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مراعات اور وسیع مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں نیشنل انکیوبیشن سینٹرز اسٹارٹ اپس کے فروغ ،کاروبارمیں سہولیات کی فراہمی میں کوشاں ہیں۔اسٹارٹ اپس نئی اختراعات کے مراکز اور ہمیشہ کاروباری تبدیلیوں کی تلاش میں رہتے ہیں اوراس طرح کیریئر کے مواقع پیدا ہوتے اور زیادہ روزگار سے مضبوط معیشت کی بنیاد بنتی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا پاکستان مختلف شعبوں خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی میں باصلاحیت و پیشہ ورافراد سے بھرا ہوا ہے۔