چیئرمین اور اسپیکر کی تنخواہوں الاؤنسز استحقاق ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل پیش

351
 چیئرمین اور اسپیکر کی تنخواہوں الاؤنسز استحقاق ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل پیش

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں چیئرمین اور اسپیکر کی تنخواہوں الاؤنسز استحقاق ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل پیش کر دیا گیا ۔

بل کے تحت چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو بیرون ملک نائب صدر کا پروٹوکول مل سکے گا ۔ وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جس بارے میں آئین میںکوئی تذکرہ نہیں اس ضمن میں کیسے قانون سازی کر سکتے ہیں آئین میں نائب صدر کا کوئی عہدہ نہیں ۔

ایوان میں قومی اسمبلی کی تحلیل پر پارلیمانی بزنس لیپس نہ ہونے سے متعلق آئین میں ترمیم کا بل بھی پیش کر دیا گیا ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا ، محمد اسلم بھوتانی نے چیئرمین اور اسپیکر کی تنخواہوں الاؤنسز استحقاق ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا ۔ وزیر مملکت قانون شہادت اعوان نے رائے دی کہ بل کو کمیٹی کے سپرد کر دیں ۔

مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ جس عہدے کا تذکرہ آئین میں نہ ہو اس معاملے پر کیسے قانون بن سکتا ہے  کمیٹی میں اس  پر بات کریں گے ۔ اسپیکر نے بل کمیٹی کے سپرد کر دیا ۔

سید جاوید حسین نے اسمبلی کی تحلیل پر پارلیمانی بزنس برقرار رہنے کے لیے آئین میں ترمیم کا بل پیش کیا  یہ بھی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا جبکہ پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل 2023 ء ، پاکستان ہلال احمر سوسائٹی بل پر قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس کے علاوہ بجلی کے مختلف مسائل پر قائمہ کمیٹی توانائی کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہیں اسی طرح ایم ڈی سی اے ٹی ٹیسٹ کی تاریخوں میں دو ہفتوں کی توسیع سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی ۔

بین الاقوامی ادارہ برائے ٹیکنالوجی ثقافت و علوم صحت کا بل 90 روز میں سینیٹ سے منظور نہ ہونے پر اسے مشترکہ اجلاس کو ارسال کرنے کی تحریک منظور کر لی گئی ۔