شہزادہ ہیری اور میگھن کا خوفناک کار تعاقب، خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئے

410

نیویارک:شہر میں برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی کار کا فوٹوگرافرز کی جانب سے مسلسل تعاقب کیا گیا، اس دوران وہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئے۔

برطانوی شہزادے ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مارکل اور ان کی والدہ کی کار کا خوف ناک طریقے سے تعاقب کیا گیا ہے، اس واقعہ میں پاپارازی فوٹوگرافر ملوث بتائے گئے ہیں جو دوگھنٹے تک شہزادہ ہیری کی کارکا پیچھا کرتے رہے تھے۔

اس دوران میں سڑک پر سفرکرنے والے دیگر ڈرائیوروں، پیدل چلنے والوں اور نیویارک  پولیس کے دو افسروں کی گاڑیوں کے درمیان متعدد مرتبہ تصادم ہوتے ہوتے بچا تھا،یہ واقعہ نیویارک میں پیش آیا ہے جہاں اس جوڑے نے مس فائونڈیشن برائے خواتین کے زیراہتمام منعقدہ اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی تھی، اس میں میگھن کو ان کے کام  پراعزاز سے نوازا گیا تھا۔

نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی تاحال اس حوالے سے گرفتاریاں کی گئی ہیں،برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہیری اور میگھن اس وقت ایک دوست کے گھر پر مقیم ہیں اور انہوں نے فوری طور پر واپس جانے کا ارادہ سکیورٹی خدشات کے باعث ترک کردیا ہے۔

دوسری جانب فوٹوگرافرز کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل جیسی نامور شخصیات کی تصاویر لینا ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں پر گاڑیاں نہیں چڑھائی گئیں، گاڑیاں ایک دوسرے سے نہیں ٹکرائی،دوسری جانب بکنگھم پیلس کی جانب سے واقعے پر کوئی بیان نہیں دیا گیا۔