تمام سیکریٹریز اسمبلی اجلاس میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، وزیر اعظم کا خط

278
وزیر اعظم نے تمام سیکرٹریز کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے خط لکھ دیا

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام وزارتوں کے سیکرٹریز کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنی وزارت سے متعلق معاملات کے نکات لینے کے لیے ایوان  میں موجودگی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں خط لکھ دیا ہے ۔ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے وزیر اعظم کے خط سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارکان کو آگاہ کر دیا ۔ 

انہو ں نے غیر حاضر سیکرٹریز کے بارے میں استحقاق کمیٹی سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے تاکہ ایوان متعلقہ افسران کے لیے سزا تجویز کر سکے ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کے علاوہ قائمہ کمیٹی قواعد و ضوابط کے چیئرمین نے بھی اہم معاملات میں سرکاری افسران کی جانب سے پارلیمان اور اس کی کمیٹیوں کو نظر انداز کرنے کے معاملے کی نشاندہی کی ۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا  کہ سیکرٹریز کو پہلے بھی انتباہ  کر چکا ہوں کہ ایڈیشنل سیکرٹری سے کم گریڈ کا افسر وزارتی پارلیمانی بزنس کے حوالے سے یہاں نہ آئے وزیر اعظم کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا اور اطلاع مل گئی ہے کہ وزیر اعظم نے تمام سیکرٹریز کو خط لکھ دیا ہے ۔

انہوں نے مذید کہا میں نے یہ معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد بھی کیا تھا اس کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے تاکہ غیر حاضر افسران کے خلاف کارروائی کی جا سکے ۔