وفاق کے الیکٹرک کو لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا پابند کرے، حافظ نعیم الرحمن

722

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے 12سے 14گھنٹے کی اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدیدرد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا پابند کرے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ آج کل کراچی میں میٹرک بورڈ کے امتحانات کے دوران امتحانی مراکز پر بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے طلبا و طالبات ، اساتذہ اور والدین بھی شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں اور طلباء کی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  کے الیکٹرک کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے پہلے ہی کراچی کے عوام کی زندگی اور روز مرہ معاملات کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اب کراچی کے طلبا کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی تیار کرنے کے باوجود پیداواری صلاحیت میں اضافے کی بجائے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کرتی ہے اور عوامی مشکلات و پریشانیوں میں مسلسل اضا فہ کر رہی ہے،جس کی وجہ سے شہری سخت اذیت میں ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ اور زائد بلنگ نے عوام کو پہلے ہی دوہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے،دوسری جانب کے الیکٹرک نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور پیدا وار میں اضا فے کے لیے کوئی کوشش نہیں کی اور اب ستم ظریفی یہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے، عوام پر ظلم ڈھانے والی کمپنی کو سبسڈی دینے کا سلسلہ جاری ہے کے الیکٹرک کو اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے، اپنے تمام پاور پلانٹس کو چلانے کے لیے پابند کرنے کے بجائے اس کی سرپرستی کی جا رہی ہے۔

انہوں  نے مزیدکہاکہ کے الیکٹرک کو صرف اپنے منافع کی فکر ہے اسے کراچی کے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں سے کوئی سرو کار نہیں کے الیکٹرک اگر معاہدے کے مطابق اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرے، ترسیل اور تقسیم کے نظام میں معاہدے کے مطابق سرمایہ کاری کرکے سسٹم کو اپ گریڈ کرے اور اپنے تمام پاور پلانٹس چلائے تو کراچی کے عوام کی بجلی کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں۔