امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ کا مردم شماری پر شدید تحفظات کا اظہار

351

پشاور: امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مردم شماری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈیجیٹل مردم شماری کو ناقابل اعتبار اور مشکوک قرار دیا ہے، 6 مہینے سے زیادہ گھر سے باہر رہنے والے لوگوں کو شمار نہ کرنا درست نہیں۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاکہ  ڈیجیٹل مردم شماری میں خامیوں کی وجہ سے اس کے تحت حلقہ بندیاں نہیں ہونی چاہئیں، مشکوک مردم شماری کی بنیاد پر ہمارا کوئی حلقہ کم کرکے کہیں اور منتقل کیا گیا تو اس کے خلاف بھر پور مزاحمت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پشاور سمیت صوبے میں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے۔ آپریشن سے سب سے زیادہ عام لوگ متاثر ہوتے ہیں اور حالات مزید خراب ہو جاتے ہیں۔ پولیس پر حملے ہورہے ہیں۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  اس وقت لکی مروت بری طرح دہشت گردی کا شکار ہے، سانحہ اے پی ایس سمیت اکثر دہشت گرد واقعات کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہیں آئی، بند کی گئی عام شاہراہوں کو عوام کے لیے کھولا جائے۔

پروفیسر محمد ابرہیم خان نے مزید کہاکہ   گورنر اور وزیراعلیٰ کو آئین و قانون کا پابند ہونا چاہیے، منصب قبول کرنے کے بعد گورنر کسی ایک مخصوص جماعت کو سپورٹ نہ کرے، وزیراعلیٰ کو اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنے چاہئیں۔ ماضی میں آئین کی دھجیاں بکھیری جاتی رہی ہیں۔ نگراں صوبائی حکومت آئین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے۔