مزدوروں کے عالمی دن پر پاکستان تحریک انصاف کا ریلی نکالنے کا اعلان

570

لاہور: پاکستان تحریک انصاف مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے لاہور میں ریلی نکال کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،ریلی لبرٹی چوک سے شروع ہو کر ناصر باغ پر اختتام پذیر ہو گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی دوپہر ایک بجے لبرٹی چوک سے شروع ہوگی، ریلی فیروز پور روڈ سے ہوتی ہوئی ایم اے او کالج پہنچے گی اور لوئر مال روڈ سے ہوتی ہوئی ناصر باغ پر اختتام پذیر ہوگی۔

اچھرہ، مزنگ اور دیگر مقامات پر ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا جائے گا۔ ریلی کے اختتام پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی گاڑی سے کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ لاہور سے قائدین اور کارکنوں کو ریلی میں شرکت کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دے دی ہے۔ صبح 1 بجے سے شام 6 بجے تک ریلی کی اجازت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رفیعہ حیدر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

اجازت نامے کے مطابق جلسے کے لیے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے۔ ریلی کی انتظامیہ اسٹیج، خواتین اور تمام انکلوژرز کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی اور تمام متعلقہ علاقوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ ریلی میں عدلیہ اور اداروں کے خلاف تقاریر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تحریک انصاف سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے فوکل پرسن اور متعلقہ انتظامیہ سے تعاون کرے گی۔ پی ٹی آئی کے عہدیداران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور کسی خلل سے بچنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

اجازت نامے کے مطابق جلسے کے دوران سرکاری املاک کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو ذمہ دار پی ٹی آئی کی انتظامیہ ہو گی‘ ضلعی انتظامیہ نے لازمی قرار دیا ہے کہ جلسے کی وجہ سے کسی بھی جگہ کاروباری مراکز کو بند کرنے یا نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ .

ریلی کے دوران کارکنوں اور متعلقہ افراد کو لاٹھی یا اس طرح کی کوئی چیز لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وال چاکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ کسی کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا اور کسی کو ریلی میں شرکت پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔

جلسے کے لیے کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگایا جائے گا، اجتماع گاہ اور گردونواح میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔ شرکاء کے لیے پارکنگ کے مناسب انتظامات کیے جائیں گے۔ ریلی کے راستے پر کسی قسم کی وال چیکنگ نہیں کی جائے گی۔