کچے میں آپریشن کا 22 واں روز، 7 ڈاکو ہلاک، کئی گرفتار

420

رحیم یار خان: کچے کے علاقے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن 22 ویں روز میں داخل ہو گیا اور  اب تک 7 ڈاکوؤں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق رحیم یار خان میں آپریشن میں کلیئر کروائے گئے کچے کے علاقوں میں پولیس گشت کر رہی ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر ناکا بندی کی گئی ہے اور آنے جانے والوں کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔

ڈاکوؤں کے خفیہ ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں اور پولیس کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 3 ڈاکو ہلاک اور 28 کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ان سے اسلحہ بھی آمد ہوا ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او محمد ناصر سیال نے بتایا ہے کہ راجن پور میں پولیس کے دستوں نے کچہ میانوالی ون کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے، جہاں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں، کمین گاہوں کو تباہ کر دیا گیا ہے اور علاقے میں پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ یہاں اب تک 4 ڈاکو ہلاک، 8 زخمی ہوئے ہیں جب کہ 5 ڈاکوؤں کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈاکوں کے 20 سہولت کار بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔