وزیراعظم اور وزیر مملکت خارجہ کی امریکا سے تعلقات پر گفتگو کا ریکارڈ لیک

419

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور  وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر اور ایک معاون کی خارجہ پالیسی امور پر اہم گفتگو کا ریکارڈ لیک ہوگیا، یہ انکشاف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ’ڈسکورڈ لیکس‘ دستاویزات کے دوران کیا۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق شہباز شریف کی گفتگو  روس یوکرین تنازع پر یو این ووٹنگ سے متعلق ہے، ایک معاون نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ قرار  داد کی حمایت سے پاکستان کے روس سے تجارت اور  توانائی کے سمجھوتے  خطرے میں پڑ سکتے ہیں اور  قرارداد کی حمایت پاکستان کی پوزیشن میں تبدیلی کا تاثر دے گی۔

امریکی اخبار کے مطابق ’پاکستان کا مشکل انتخاب‘ نامی ایک داخلی میمو میں حنا ربانی کھر نے خبردار کیا کہ اسلام آباد کو مغربی ممالک کو خوش کرنے سے گریز کرنا چاہیے، پاکستان کو امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کی قربانی دینی ہوگی، چین کے ساتھ ملک کی “حقیقی اسٹریٹجک” شراکت داری ہے۔

علاوہ ازیں 17 فروری کے ایک اور دستاویز میں یوکرین کے تنازع پر اقوام متحدہ کے ووٹ کے بارے میں شہباز شریف کے ایک ماتحت کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا تذکرہ ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے افشا ہونے والی دستاویزات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے، امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ امریکا کی یوکرین جنگ پر کم ہوتی بین الاقوامی حمایت پر ہے۔