ہتھنی نور جہاں کی حالت میں بہتری:کرین سے چلانے کی کوشش

619

کراچی: چڑیا گھر میں موجود ہتھنی نور جہاں کی حالت میں معمولی بہتری آئی ہے۔اس حوالے سے کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ نے بتایا کہ ہتھنی نور جہاں کی حالت بہتری کی جانب گامزن ہے، اسے رات کو کرین سے چلانے کی کوشش بھی کی گئی۔

انتظامیہ کے مطابق مقامی ڈاکٹرز بھی ہتھنی کو مسلسل طبی امداد فراہم کر رہے ہیں اور ٹیم فورپاز سے مسلسل ہدایات لی جا رہی ہیں۔ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر کنور ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہتھنی کی بیماری کو فورپاز نے سنجیدگی سے لینے کا کہا تھا، نور جہاں شدید علیل ہے لیکن خطرے کی کوئی بات نہیں۔

کنور ایوب نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ جلد اپنی صحت کی جانب گامزن ہوگی، رات کو ہم نے اس کو کرین سے چلانے کی کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز مطمئن تھے کہ یہ حرکت کر رہی ہے، ہتھنی کو اس حالت میں پہنچانے پر بختاور بھٹو کا غصہ جائز ہے۔

کنور ایوب نے کہا کہ وزیرِ بلدیات نے کل یہاں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، ہم پرامید ہیں کہ جلد ہتھنی صحت مند ہو جائے گی۔علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن نے بھی چڑیا گھر کا دورہ کیا اور ہتھنی کی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ انتظامیہ کو سندھ حکومت کا بھرپور تعاون حاصل ہے، سب کی ایک ہی کوشش ہے کہ نور جہاں چلنے کے قابل ہو جائے۔