زلمے خلیل زاد کے بیانات ذاتی حیثیت میں ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

340

واشنگٹن : امریکا نے اپنے سابق مندوب برائے عراق و افغانستان زلمے خلیل زاد کے پاکستان کی سیاسی صورتحال کے بارے میں دیئے گئے بیانات سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق سابق امریکی مندوب نے 22 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ  اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستانی پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو نااہل کرنے کا کہہ سکتی ہے ۔

قبل ازیں زلمے خلیل زاد نے عمران خان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں الیکشن جلد کرا دیے جائیں۔زلمے خلیل زاد کے بیان پر پاکستانی دفتر خارجہ نے احتجاج کیا تھا جبکہ حکومتی رہنماوں نے ان کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی وزارت خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا کہ زلمے خلیل زاد امریکی شہری ہیں، ان کے بیانات ذاتی حیثیت میں ہیں جو بائیڈین انتظامیہ کی نمائندگی نہیں کرتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا کے سابق مندوب برائے افغانستان کے بیانات کا امریکی خارجہ پالیسی سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی فریقین کو قانون کا احترام کرنا چاہیے۔