رمضان المبارک میں ایک سے زائد عمرہ ادا کرنے پر پابندی

406
performing

مکہ مکرمہ: رمضان المبارک میں ایک سے زائد بار عمرہ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کسی بھی شخص کو ایک سے زیادہ عمرے کی اجازت نہیں ہے، اس لیے تمام لوگ صرف ایک بارعمرہ کریں اور دوسروں کو بھی عمرہ کرنے کا موقع دیں، رمضان المبارک میں ایک مرتبہ عمرے کی پابندی کا مقصد دوسروں کو اطمینان اور آسانی کے ساتھ عمرے کا موقع مل سکے گا۔

وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہیں وہ ’نسک ایپ‘ کے ذریعے پرمٹ جاری کرائیں اور وقت کی پابندی کریں، عمرے کی مقررہ تاریخ اور وقت میں ترمیم کی گنجائش سسٹم میں موجود نہیں ہے، اس لیے جو لوگ نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کرائیں گے اگر وہ اس میں کسی بھی قسم کی ترمیم کرنا چاہتے ہوں تو اس کے لیے انہیں پرمٹ منسوخ کرنا ہوگا تاہم منسوخی کی کارروائی بھی پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے پہلے کرائی جا سکتی ہے اور ایک بار منسوخ ہونے کے بعد نیا پرمٹ جاری کرانا پڑے گا۔