حکومت ٹی بی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے:عبدالقادر پٹیل

516

اسلام آباد:وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت ٹی بی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، ملک بھر میں وزارت صحت کی جانب سے ٹی بی کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ 

وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دنیا بھر میں جمعہ کو ٹی بی کا عالمی دن منایا جارہا ہے اس موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ حکومت ٹی بی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے اورت اس کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات کو یقینی بنار ہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں وزارت صحت کی جانب سے ٹی بی کا مفت علاج کیا جاتا ہے، حکومت آنے والی نسلوں کو ٹی بی سے پاک کرنے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریبا 4 لاکھ ٹی بی کے مریض ہر سال مفت تشخیص اور علاج کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ٹی بی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام صوبوں میں 1603 سے زائد صحت کی سہولیات سے لیس جدید لیبارٹریز موجود ہیں ۔ دیگر امراض کی طرح ایڈز،ملیریا اورٹی بی کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کروانے چاہیے۔

ابتدائی مرحلہ میں ٹی بی کو بروقت اور آسانی سے کنٹرول کیاجاسکتا ہے ۔ماضی میں ٹی بی سے لاکھوں انسان زندگی کی بازی ہارگئے لیکن اب یہ لاعلاج مرض نہیں ہے۔ ٹی بی کے مریض کا سن کر لوگ گھبراجاتے ہیں۔ آئیں عہد کریں جس طرح دنیا کے دیگر ممالک نے ٹی بی کاخاتمہ کیا ہم بھی شہریوں کو آگاہی دیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے خاتمے کیلئے مل کر کوشش جاری رکھیں گے۔ ٹی بی کے مریض پریشان نہ ہوں یہ 100فیصد قابل علاج بیماری ہے ہم ملکر ٹی بی کو شکست دیں گے۔