11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں کا معاملہ ، عدالت نے الیکشن کمیشن کے جواب کے بعد درخواست نمٹا دی

396
missing persons

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے 11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں میں انتخابات کرانے سے متعلق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی درخواست الیکشن کمیشن کے جواب کے بعد نمٹادی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو 11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں میں انتخابات کرانے سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن  کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن حکام اور درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔ عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق پولنگ کرانے کی ہدایت دی جائے۔ الیکشن کمیشن حکام نے 11 یونین کمیٹیوں کا شیڈول عدالت میں جمع کرادیا۔

 جواب میں کہا گیا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن 18 اپریل کو ہوں گے۔ الیکشن کے نتائج 20 اپریل کو جاری کئے جائیں گے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے جواب کے بعد درخواست نمٹا دی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ 11 نشستوں پر چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ امیدواروں کے انتقال اور دیگر وجوہات کی بنا پر انتخابات نہیں ہوئے تھے۔

 11 یونین کمیٹیوں پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا گیا۔ الیکشن کمیشن 11 نشستوں پر انتخابات کرانے سے گریز کر رہا ہے۔ مئیر شپ کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے فوری انتخابات کروائے جائیں۔ الیکشن کمیشن کو فوری 11 نشستوں پر انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔