برطانیہ میں برفانی طوفان لاریسا سے نظامِ زندگی درہم برہم

445
برطانیہ میں برفانی طوفان لاریسا سے نظامِ زندگی درہم برہم

 لندن: برطانیہ میں برفانی طوفان لاریسا سے نظامِ زندگی درہم برہم ہوگئی ہے ، طوفان کے بعد جنوب مغربی علاقوں میں  مزید برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یارک شائر میں طوفان لاریسا کے زیر اثر ہونے والی برفباری کے بعد ہزاروں گھروں کی بجلی کئی گھنٹوں بعد بحال کردی گئی۔

جنوبی انگلینڈ کے علاوہ بقیہ تمام علاقوں میں یلو وارننگ برقرار ہے ، اسکاٹ لینڈ، انگلینڈ اور ویلز کے بعض دیہی علاقوں میں رات کو درجہ حرارت منفی 13 ڈگری تک گرسکتا ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی صورتِ حال مزید شدت اختیار کرے گی ۔ شیفیلڈ میں برفباری کے سبب اسکول بند کردیے گئے، یہاں گزشتہ روز 1970 کے بعد سے مارچ میں سب سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی ، شیفیلڈ میں گزشتہ روز 30 سینٹی میٹر تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔

مزید پڑھیں: برطانیہ میں برفانی طوفان کے الرٹ برقرار، 100 سے زائد اسکول بند

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں آج پورے دن بارش اور برفباری متوقع ہے۔

دوسری جانب ویلز اور شمال مغربی انگلینڈ میں شدید برف باری کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا ، ویلز میں 200 سے زیادہ اور شمالی آئر لینڈ میں100سے زیادہ سکولز بھی بند رہے۔

برطانیہ کے مختلف علاقوں میں برفباری کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایئرپورٹ پر پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا ہے ۔