صدر مملکت کی پشاور پولیس لائنز دھماکے میں ہونے والے زخمیوں کی عیادت

415

 پشاور:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افواج نے دہشت گردی کا جیسے مقابلہ کیا دنیا میں کہیں نہیں کیا گیا،پاکستان کی حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو صدر مملکت عارف علوی لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور آئے، صدر مملکت نے پولیس لائنز دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی ، صدر مملکت نے دھماکے کے زخمیوں کے احوال کے بارے میں طبی عملے اور انتظامیہ سے تفصیلی گفتگو کی ، زخمیوں سے اظہارِ یکجہتی، جلد صحتیابی کی دعا کی،صدر مملکت نے دھماکے میں بچ جانے والی واحد خاتون زخمی کی بھی عیادت کی۔

عارف علوی نے دھماکے میں خاتون کے خاندان کے افراد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیااور  زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد پر اظہار اطمینان  کیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ پو لیس لائنز دھماکہ ایک تکلیف دہ اور گھنائونا واقعہ تھا، دہشت گردی کا ملک سے مکمل قلع قمع کریں گے، پااکستانی قوم، سیکورٹی فورسز اور افواج نے دہشت گردی کا جیسے مقابلہ کیا دنیا میں کہیں نہیں کیا گیا۔ 

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے،امدادی سرگرمیوں میں خلل نہ ڈلے، اس لیے کچھ وقت گزر جانے کے بعد زخمیوں کی عیادت آیا، دکھ کی اِس گھڑی میں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

حکومت، انتظامیہ اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی جانب سے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جن افراد نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھویا ان کے نقصان کا ازالہ نہیں کیا جا سکتا،   انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے امداد خوش آئند ہے۔