غیر قانونی تارکین وطن ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، آفاق احمد

503

کراچی:مہاجر قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) کے چیئر مین آفاق احمد نے کہا ہے کہ منظم سازش کے تحت شہر کو غیر محفوظ اور بدامنی کا شکار بنایا جارہا ہے،جس کیلئے حکومتی سرپرستی میں شہر بھر میں سیکڑوں کچی بستیا ں بسائی گئیں ہیں جبکہ مقامی افراد کے حصے کی بنیادی سہولیات فراہم کرکے انہیں طاقت بخشی جارہی ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ شہرکی بیشترکچی بستیاں جرائم پیشہ عناصرکی  آماجگاہ بن چکی ہیں جہا ں قانون نافذکرنے والے اداروں تک کو جانے کی آزادی نہیں بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ وہاں قبائلی نظام مسلط کرکے اسلامیہ جمہوریہ پاکستان کی ریٹ کو چیلنچ کردیا گیاہے جس پر حکومتی اداروں کی خاموشی تشویشناک ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ نہ صرف کراچی میں ملک بھر سے جرائم پیشہ عناصر کو لاکر بسیا جارہا ہے بلکہ غیر ملکی تارکین وطن کو بھی بغیر کسی اندارج اور مخصوص حدود کے تعین کے شہر بھر میں دنداناتے گھومنے کی آزادی دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جو ہر غیر قانونی کام بنا کسی خوف و خطر کے کرتے دکھائی دے رہے ہیں ہم سپریم کورٹ، مقتدر حلقوں کی توجہ اس نازک و حساس مسئلہ کی جانب مرکوز کرانا چاہتے ہیں کہ اس ملک کی سلامتی وبقا کا ضامن یہ شہر ہے اس شہر کو غیر مستحکم اور کمزور کرنے کا مطلب ملک کو کمزور کرنا ہے۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ  لہذا شہر میں موجود غیر قانونی بستیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کرملکی سلامتی کو محفوظ بنانا ناگزیر ہوچکا ہے۔