اردو بولنے پر بچے کی تذلیل: انکوائری کے بعد نجی اسکول کی رجسٹریشن منسوخ

613

کراچی: نجی اسکول میں اردو بولنے پر طالبعلم کے منہ پر کالا رنگ لگانے والے استادکے معاملے پر محکمہ تعلیم سندھ  نے انکوائری مکمل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سردار شاہ نے واقعے کا نوٹس لے کر انکوائری کے احکامات جاری کیے تھے، انکوائری مکمل ہونے پر نجی اسکول کی رجسٹریشن منسوخ اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائدکیا گیا ہے۔

نجی اسکولوں کے ڈائریکٹوریٹ کی پانچ رکنی کمیٹی نے انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کی تھی،کمیٹی کی طرف سے اسکول پرنسپل اور والدین کے بیان قلم بند کیے گئے تھے۔

سردار شاہ نے کہاکہ سیکھنے کے عمل میں مادری زبانیں بولنے پر کسی بھی بچے پر جبر نہیں کیا جا سکتا،  مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا صوبے کے بچوں کا قانونی حق ہے، اسکول کی رجسٹریشن منسوخی پر زیر تعلیم طالب علموں کی تعلیم پر اثر نھیں پڑے گا۔

خیال رہے کہ نجی اسکول میں طالب علم کو اردو بولنے پر سزا اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کی وڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوگئی تھی۔