بلدیاتی انتخابات: بدنیتی ثابت ہونے پر ملوث لوگوں کے خلاف  کارروائی ہو گی، چیف الیکشن کمشنر

746
write a letter

اسلام آباد:الیکشن کمیشن میں کراچی میں بلدیاتی کے حوالے سے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر ریمارکس دیئے کہ بدنتنی ثابت ہونے پر ملوث لوگوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

الیکشن کمشنر نے کہاکہ  بدنیتی ثابت ہونے پر صرف انتخابات کا نتیجہ درست نہیں ہو گا بلکہ ملوث لوگوں کے خلاف سخت کاروائی بھی ہو گی نتیجہ جلدی مرتب کر لیں، چاہے وہ غلط ہی کیوں نہ ہو؟ حتمی نتائج الیکشن کمیشن کے حکم پر روکے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

جماعت اسلامی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چلیں میں دھاندلی کا الزام نہیں لگاتا لیکن بڑے پیمانے پر بے ضابطگی ہوئی، یہ 6 یونین کونسل ایک مثال ہیں جن کو الیکشن کمیشن لایا ہوں، پریزائڈنگ افسران کی جانب سے ایک کونسل میں ایک سے 2 ہزار ووٹوں کی گنتی میں ہی غلطی کر دی گئی۔

جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ مثال کے طور پرمنگھو پیر یو سی 12 میں 4 ہزار 538 ووٹ ڈالے گئے جب کہ لکھا گیا کہ درست ووٹ 5 ہزار 110 ہیں، ایک یو سی میں فارم الیون کے مطابق جماعت اسلامی کے 2 ہزار 88 اور پیپلز پارٹی کے 546 ووٹ تھے، آر او رزلٹ میں پیپلز پارٹی کے ووٹ 1988 کر دیے گیے، ہر یو سی میں سیکڑوں ووٹوں کا فرق ہے۔

 آر او تو غائب ہو گئے ، وہ تو الیکشن کمیشن کے ملازم نہیں، آر اوز اور پولنگ عملے نے بہت زیادتی کی۔پیپلز پارٹی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک حتمی نتائج مرتب نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن فوری حتمی نتائج جاری کرے، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ رزلٹ کو جلد مرتب کیا جائے۔

اس دوران چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ نتیجہ جلدی مرتب کر لیں، چاہے وہ غلط ہی کیوں نہ ہو؟ حتمی نتائج الیکشن کمیشن کے حکم پر روکے گئے ہیں، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ دیکھنا ہے کہ ریٹرننگ افسر سے غلطی ہوئی یا جان کر نتیجہ بدلا گیا۔

پیپلز پارٹی کے وکیل نے کہا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے جو فارم 11 ان کے ہاتھ میں ہیں، اس پر نتیجہ بنے، جماعت اسلامی کی درخواست ہی قابل سماعت نہیں ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ انتخابی تنازعات کے لیے صرف امیدوار ہی درخواست دے سکتا ہے، جماعت اسلامی کی درخواست قبل ازوقت ہے، پولنگ کے بعد یا دوران کوئی بے ضابطگی ہو تو فورم اور طریقہ کار موجود ہے۔

اس موقع پر کراچی بلدیاتی انتخابات کے امیدوار نے کہا کہ میرے پاس ویڈیو موجود ہے یہ تیر کے نشان پر ٹھپے لگا رہے ہیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ دھاندلی کے ثبوت لے کر آ جائیں ، ہم یہاں پر ویڈیو دیکھیں گے۔

 سکندر سلطان راجا نے کہا کہ بدنیتی ثابت ہونے پر صرف انتخابات کا نتیجہ درست نہیں ہو گا بلکہ ملوث لوگوں کے خلاف سخت کاروائی بھی ہو گی۔اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن پاکستان نے کراچی بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی۔