فضائی آلودگی: کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی سرِفہرست میں پہلا قرار

400

کراچی: فضائی آلودگی کے لحاظ سے کراچی کا شماربدھ کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی سرِفہرست میں پہلااور لاہور کو دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ائیر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ میں بدھ کو کراچی کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی جاری کردہ لسٹ کے مطابق پہلے نمبر پر رہا جبکہ لاہور دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا۔

کراچی کی فضا میں آلودگی کے ذرات کی مقدار 233 پرٹیکیولیٹ میٹرجبکہ لاہور کی فضا میں آلودگی کے ذرات 209 ریکارڈ کی گئی ہے۔

 ائیر کوالٹی انڈیکس کے اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں کینٹ کے علاقے پولو گرائونڈ کے اطراف میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 316 ریکارڈ کئی گئی جبکہ ایف سی کالج کے علاقے میں آلودگی کہ شرح 246  اور فیروز پور روڈ کے اطراف میں ائیر کوالٹی انڈیکس کی شرح 302 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے، 201 سے 300 درجے تک کی آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہوتی ہے جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

فضائی آلودگی ہوا میں موجود وہ مادے یا ذرات ہوتے ہیں جو کہ انسانی سرگرمیوں کی بدولت فضا کا حصہ بنتے ہیں۔فضائی آلودگی گیسوں کی زیادتی، زہریلی گیسوں، تابکاری شعاعوں، کیمیائی مادوں، ٹھوس ذرات، مائع قطرات، گرد و غبار اور دھویں وغیرہ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور یہ انسانی صحت اور ماحول دونوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔