اسٹیبلشمنٹ سیاسی تصفیہ کروا سکتی ہے، تاحال رابطہ نہیں کیا، مونس الٰہی

1349

لاہور: ق لیگ کے رہنما مونس الہی کا کہنا ہے کہ ماموں کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا، میرا نہیں ہوا۔ چودھری شجاعت کے بچوں نے ان کو مس گائیڈ کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ساتھ دینے کے حوالے سے حسین الٰہی نے اپنے والد اور میں نے اپنے والد کو رضامند کیا، ماضی میں چودھری شجاعت اور پرویز الہی مجھے بتاتے رہے کہ شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا، جب سے سیاست میں آیا ہوں مجھے بتایا گیا شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا۔

مونس الہی نے کہا کہ ن لیگ نے جو کچھ کیا وہ ان کو الٹا پڑا ہے۔ سندھ ہاؤس اور اسلام آباد میں جو منڈی لگی وہ سب کو پتا ہے۔ ہمارے بندے توڑنے کے لیے منڈی تو ن لیگ نے لگائی ہے۔ ہم اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے تیار ہیں، اعتماد کا ووٹ کب لیں گے یہ فیصلہ عمران خان کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں، کوئی پاگل ایم پی اے ہی ہوگا جو اس صورت حال میں غائب ہوجائے گا۔ عمران خان کی ہدایت ہے کہ اسمبلیاں توڑنی ہیں، ہم نے اپنی رائے دی عمران خان نے اپنا فیصلہ بتایا۔صدر مملکت بھی بات چیت کر رہے تھے اس وجہ سے بھی 6 دن لیے۔

مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ گورنر نے اپنے نجی وکیلوں سے رائے لے کر فیصلہ کیا۔ چیف سیکرٹری کو کس نے راضی کیا اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ لیں۔ پولیٹیکل سیٹلمنٹ اسٹیبشلمنٹ کرواسکتی ہے، اسٹیبلشمنٹ نے ابھی تک مجھ سے رابطہ نہیں کیا، عمران خان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہوئی جس کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے۔