پنجاب میں غیر یقینی سیاسی صورتحال: ایف سی اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ

806

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنجاب کی موجودہ غیر یقینی سیاسی صورت حال کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبے میں رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے پنجاب میں امن و امان اور صوبے میں آئین و قانون کی عمل داری سے متعلق امور سرانجام دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ پنجاب رینجرز اور ایف سی کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب کوامن وامان قائم رکھنے،عوام کے جان ومال کی حفاظت اور اپنے فرائض آئین اور قانون کے مطابق ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں رانا ثنا اللہ نے یہ بھی واضح کیا کہ کوئی بھی سرکاری آفیسر یا اہلکارآئین کے برعکس کسی بھی عمل کا حصہ نہ بنے، بصورت دیگر اُس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔