عمران خان کیخلاف نااہلی اور توشہ خانہ کیسز کی سماعت ملتوی

931
disqualification

اسلام آباد: عدلات عالیہ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دو علیحدہ سماعتوں میں نااہلی اور توشہ خانہ کیسز ملتوی کردیے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مبینہ بیٹی ٹیریان کو اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر  عمران خان کے خلاف شہری محمد ساجد کی اسلام آباد ہائی کورٹ  میں دائر کی گئی درخواست پر نااہلی کیس کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق  نے کی۔

سماعت کے دوران وکیل الیکشن کمیشن سعد حسن پیش ہوئے اور کہا کہ یہ معاملہ پہلے بھی کئی بار آ چکا ہے اور ایسی درخواستیں مسترد ہوتی رہی ہیں۔ ، دوسری جانب عمران خان کی جانب سے سلمان اکرم راجا نے اپنا وکالت نامہ جمع کرا دیا۔انہوں نے بھی کہا کہ اس قسم کے کیس کا پہلے ہی فیصلہ ہو چکا ہے ۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کے وکیل کا وکالت نامہ آگیاہے، انہیں جواب کے لیے وقت دے رہے ہیں، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور مزید کارروائی کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت  ہوئی، جس میں وکیل بیرسٹر علی ظفر کے معاون نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ بیرسٹر علی ظفر مصروفیات کے باعث آج پیش نہیں ہو سکے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے معاون وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت اگلے ماہ تک ملتوی کردی۔