جناح اسپتال میں چہرے پر مصنوعی اعضا کی پیوند کاری کا پہلا آپریشن مکمل

472

کراچی:جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں مصنوعی اعضا کی پیوند کاری کا پہلا آپریشن کامیابی کیساتھ مکمل کرلیا گیا۔ جے ایس ایم یو کے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے شعبہ پروستھوڈونٹکس نے چہرے پر مصنوعی اعضا لگانے کا پہلا کیس کامیابی کیساتھ مکمل کرلیا۔

 ضلع عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والے مریض کی آنکھ، چہرے، ناک اور منہ کے اندرونی حصوں پر مصنوعی اعضا لگانے کا عمل پروفیسر محمود حسین کی سربراہی میں 8 رکنی ٹیم نے مکمل کیا جبکہ تکنیکی خدمات ویسٹرن لیبارٹری کی جانب سے پیش کی گئیں۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے ایس آئی او ایچ ایس اور شعبہ پروستھوڈونٹکس کی ٹیم کو اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی۔

پروفیسر امجد سراج میمن کا کہنا ہے کہ کسی حادثے کی وجہ سے چہرہ بگڑ جانے کے حامل افراد خود کو معاشرے میں تنہا محسوس کرنے لگتے ہیں، ایسے میں مصنوعی اعضا لگانے کا عمل ان افراد کو معاشرے سے جوڑنے میں مثر کردار ادا کریگا۔

ایس آئی او ایچ ایس کے ڈین پروفیسر یاور علی عابدی اور پرنسپل پروفیسر زبیر عباسی نے شعبہ پروستھوڈونٹکس کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور مصنوعی اعضا کے انتظام کیلئے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔