انتخابات کا معاملہ التوا کا شکار ہوا تو اگلا قدم اٹھائیں گے، عمران خان

433
a plan

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کے عوامی نظریے پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر شفاف انتخابات کا معاملہ التوا کا شکار ہوا تو پھر ہم اگلا قدم اٹھائیں گے۔

نوجوان صحافیوں، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور یوٹیوبرز کے وفد سے ملاقات میں عمران خان نے ملکی سیاسی صورتحال، میڈیا و اظہار رائے پر پابندیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جب کہ ملک بھر میں سوشل میڈیا کارکنان کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور حکومتی سرپرستی میں افواہ سازی اور الزام و دشنام کی مہم کے مختلف پہلوؤں اور ملک میں معاشی و سیاسی استحکام کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعظم سواتی، شہباز گل جیسے سیاسی کارکنان کو تختۂ مشق بنایا گیا جب کہ معروف صحافی سمیع ابراہیم، ایاز امیر، جمیل فاروقی سمیت آزاد اہل صحافت پر زمین تنگ کی گئی۔ غلامی و ڈکٹیشن قبول نہ کرنے والے ملک کے صف اول کے پیشہ ور تحقیقاتی صحافی ارشد شریف کا ناحق خون بہایا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ قوم کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑا ہوں۔ عوام میرے ساتھ مل کر آمرانہ نظام سے نبرد آزما ہیں۔ اگر شفاف انتخابات کا انعقاد التوا میں ڈالنے کی کوشش کی گئی تو اگلا قدم اٹھائیں گے۔ غلامی سے نجات، حقیقی آزادی کا حصول بنیادی اہداف ہیں۔ اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔