اتحادی حکومت نے بھی قوم کو مایوس کیا ہے، نائب امیرجماعت اسلامی

583

کراچی:  نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشدنسیم نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کے بعدملک میں بے یقینی کی صورتحال ختم ہونی چاہئے،پی ٹی آئی کی طرح شہبازشریف کی قیادت میں قائم اے پی ڈی ایم کی 13جماعتی اتحادی حکومت نے بھی قوم کو مایوس کیا ہے۔

راشد نسیم نے کہا کہ سیاسی حالات نئے انتخابات کی طرف جارہے ہیں تاہم نظام مصطفیۖ اوردیانتدارقیادت ہی ملکی ترقی اورمہنگائی سمیت ہمارے تمام مسائل کا حل ہے کیوں کہ قوم تمام پارٹیوں ونظاموں کو آزماچکی ہے جنہوں نے سبزباغ ،کرپشن اورمہنگائی کے سواکچھ بھی نہیں دیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ چور اورقومی دولت کی لوٹمارکرکے بیرونی ملک اثاثے بنانے والی قیادت سے کسی خیر کی امید رکھنا فضول ہے، موجودہ حکومت نے مہنگائی کے خاتمے سے لیکراحتساب اورملکی ترقی کے بڑے دعوے کئے تھے مگروہ سب جھوٹے ثابت ہے،انکے دورحکومت میں مہنگائی وکرپشن میں مزیداضافہ ہوا ہے۔

انہوں نےکہا کہ غربت کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی اورکراچی میں غربت کی وجہ تین بچوں سمیت ماں کالرزہ خیزقتل ملک میں ترقی اورمہنگائی وغربت کے خاتمے کے دعویدارحکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔اس لیے نجات ،ترقی کا واحد حل اسلامی نظام اوردیانتدار قیادت کا انتخاب ہے ورنہ چہرے وحکومتیں بدلتی رہیں گی عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔

راشد نسیم کا کہنا تھا کہ اس لیے عوام بیدار اورپرامن ،اسلامی وخوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔