مقامی طورپرتیار کردہ اینٹی شپ کروزمیزائل آئیڈیاز 2022 میں فروخت کےلیے پیش کردیاگیا

346

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز 2022) نمائش کے پہلے روز گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن (جی آئی ڈی ایس) نے پاکستان کا سب سانک اینٹی شپ کروز میزائل بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی دفاعی صنعت مختلف قسم کے جنگی چیلنجز کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بہترین ہائی اینڈ سسٹمز کے ذریعے سخت کوششوں سے اپنی پوزیشن مستحکم بنارہی ہے۔

گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن(جی آئی ڈی ایس)پاکستان کی ممتاز اور سب سے بڑا سرکاری دفاعی اداروں کا مجموعہ ہے جو ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ساتھ فضائ، زمین اور سمندروں کے لیے روایتی اور ہائی ٹیک سسٹمز تیار کررہا ہے۔

پاکستان نے دفاعی خود انحصاری میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ آئیڈیاز 2022کے پہلے روز جی آئی ڈی ایس کا تیار کردہ پہلا مقامی اینٹی شپ کروز میزائل Harbah-NG ایکسپورٹ کے لیے پیش کردیا ہے۔

Harbah-NG ہر موسم میں کارگر، جہاز سے داغا جانے والا سب سانک اینٹی شپ کروز میزائل ہے جس کی رینج 290کلو میٹر کے فاصلے تک دشمن کے بحری جہاز یا زمین پر موجود تنصیبات کو انتہائی درستگی کے ساتھ 10میٹر کے قطر میں نشانہ بناسکتا ہے۔

یہ میزائل زمین کی سطح سے قریب رہتے ہوئے کم بلندی کی پرواز سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کی بناءپر جنگ کے دوران دشمن کے حملوں کا منہ توڑ اور کاری جواب دیتا ہے۔

غیرمعمولی ڈیزائن کا حامل یہ میزائل مختلف قسم کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت کے ساتھ گائیڈنس اور رینج کی صلاحیتوں سے بھی لیس ہے۔ اس میزائل کے فضاءاور زمین سے چلائے جانے والی اقسام بھی تیار کی گئی ہیں۔

جدید سب سانک میزائل متعارف کرانے کے ساتھ پاکستان انٹرنیشنل مارکیٹ میں کروز میزائل ٹیکنالوجی فروخت کرنے والے چند اہم ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔

گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن(جی آئی ڈی ایس)سرکاری آرگنائزیشن ہے جو جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کے زیر سرپرستی دفاعی مصنوعات انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایکسپورٹ کرتی ہے۔

جی آئی ڈی ایس اہم خطوں بشمول مڈل ایسٹ، سینٹرل ایشیائ، لاطینی امریکا اور افریقہ کے متعدد ملکوں کو پہلے سے بم، میزائل، ڈرون اور دیگر سیکیوریٹی سسٹم ایکسپورٹ کررہا ہے۔

بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار (IDEAS) بین الاقوامی مینوفیکچررز اور مصنوعات اور خدمات کے سپلائرز کو مشترکہ منصوبوں، آو ¿ٹ سورسنگ اور تعاون کے ذریعے دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کے مواقع مہیا کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ، آئیڈیاز دفاعی نظام کے فروغ کے لیے خطے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن گیا ہے کیونکہ یہ دفاعی مصنوعات کی وسیع اقسام کی نمائش کرتا ہے، جس میں تیسری دنیا کے ممالک میں استعمال ہونے والے آلات سے لے کر مغرب کی جدید ترین ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔