پیمرا نے عمران خان کی تقاریر و پریس کانفرنسز نشر کرنے پر پابندی عائد کردی

359

اسلام آباد : پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا )نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی عائد کردی۔

پیمرا نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے متنازع بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تقاریر اور پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی لگادی۔اس سلسلے میں جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کے بیانات، تقاریر اور پریس کانفرنس ٹی وی پر نشر کرنے پر سیکشن 27 پیمرا آرڈیننس 2002ء کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔

نئے حکم نامے کے مطابق عمران خان کی براہ راست تقاریر و پریس کانفرنس کے ساتھ ریکارڈڈ تقاریر، بیانات اور پریس کانفرنسز بھی نشر کرنے پر پابندی ہوگی۔

پیمرا نے نوٹیفکیشن کے ساتھ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی تقاریر کے متن بھی جاری کیے ہیں، جس میں انہوں نے اداروں، ان کے سربراہ اور اہم عہدوں پر فائز افسران سے متعلق نازیبا زبان استعمال اور متنازع بیانات دیے ہیں۔

دوسری جانب  نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے پیمرا کو عمران خان کی تقاریر پر پابندی ہٹانے کی ہدایت کردی۔ رپورٹ میں ذرائع کے مطابق کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے سیکشن 5 کو بروئے کار لاتے ہوئے پیمرا کو ہدایت جاری کی ہے۔