عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر پر 10ارب روپے ہرجانے کا اعلان

273

کامونکی: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر 10ارب روپے ہرجانے کا مقدمہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اگر ایک بھی غیر قانونی کام کیا ہو توعدالتی فیصلے کا انتظار نہیں کرونگا بلکہ خود چھوڑ دوں گا،ملک تب مضبوط ہوگا جب ادارے مضبوط ہونگے، چوروں کو ڈرائی کلین کرکے ہم پر پھر مسلط کر دیا گیا۔

عمران خان نے کہاکہ اللہ سے دعا کرتا ہوں مجھے ارشد شریف والی موت دینا گیدڑوں والی نہیں، چیف الیکشن کمشنر سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں بیٹھے نہیں دیکھا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تم سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں بیٹھے نہیں دیکھا، یہ بدنیت آدمی ن لیگ شریف خاندان کے گھر کا نوکر ہے۔

انہوں نے کہاکہ  میں اس کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا مقدمہ کر رہا ہوں، سکندر سلطان کو عدالت میں کھڑا کرکے ہرجانہ لوں گا اور وہ شوکت خانم میں دونگا، شوکت خانم اسپتال کے نام پر ہر سال 9 ارب روپے جمع ہوتا ہے، میرے نام پر نمل یونیورسٹی کا پیسہ اکٹھا ہوتا ہے، میں نے القادر یونیورسٹی شروع کی جہاں 100 فیصد بچے مفت پڑھتے ہیں، پشاور میں شوکت خانم اسپتال بن چکا وہاں 75 فیصد لوگوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرم کے پی میں میں نے الیکشن مہم نہیں کی، وہاں سارا چوروں کا ٹولہ میرے خلاف لڑ رہا تھا، میں وہاں کے عوام کو سلام کرتا ہوں انہوں نے دگنی لیڈ سے پھینٹا لگایا ہے، میں نے 8حلقوں میں سے 7میں الیکشن جیتا جو ورلڈ ریکارڈ بن گیا ہے۔