نوجوانوں کو جس تبدیلی کا دھوکا دیا گیا، وہ بے نقاب ہو چکی، جاوید قصوری

272
will be weakened

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل سے نجات حاصل کرنا ہے تو بر سر اقتدار کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ جماعت اسلامی اپنے واضح موقف، ایجنڈے اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار میدان عمل میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ 30اکتوبر کو مینار پاکستان کے میدان پر منعقد ہونے والے یوتھ لیڈرز کنونشن ” مایوس نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوگا۔  لاہور میں30اکتوبر کو نوجوانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہوگا، جو سراج الحق پر اپنے اعتماد کا اظہار کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30اکتوبر کے یوتھ کنونشن کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد کارکنان اور ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے تبدیلی حکومت کو بھی دیکھ لیا ہے سب جانتے ہیں کہ کیسے نوجوانوں کے جذبات کو تبدیلی کے دھوکے کے ساتھ مجروح کیا گیا۔ وہ بھی بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔ پاکستان میں اگر کوئی حقیقی تبدیلی لاسکتا ہے تو وہ سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کی بے داغ اور محب وطن قیادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان گھمبیر حالات میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ کیونکہ یہی 60فیصد نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ باقی تمام پارٹیاں محض اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں جبکہ  صرف جماعت اسلامی ہی اپنا قومی فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی وبا ہو یا حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں ، پوری قوم گواہ ہے کہ جب بھی ملک و قوم پر مشکل کی کوئی گھڑی آتی ہے تو اقتدار میں رہنے والی پارٹیاں غائب ہوجاتی ہیں۔ صرف جماعت اسلامی ہے جو میدان میں کام کرتی نظر آتی ہے۔ قوم اپنے قومی خزانے محافظ بنائے گی تو کرپشن نہیں ہوگی ، صرف قوم کی خدمت ہوگی۔