خان صاحب کو پہلے انسان، پھر سیاستدان بننا چاہیے، وزیر خارجہ

334
foreign minister

برلن: وزیر خارجہ بلاول  بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب سے بحالی کیلئے پاکستان کوعالمی اداروں کی مزید مدد کی ضرورت ہوگی۔ پی ٹی آئی چیئرمین خان صاحب کو پہلے انسان اور پھر سیاستدان بننا چاہیے۔

جرمن نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول  بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں جن ممالک سے تعلقات متاثر ہوئے تھے اب ان میں بہتری آئی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جرمنی کی  6کروڑ یورو کی امداد کی یقین دہانی پر شکر گزار ہیں، ہم چیریٹی یا بھیک مانگنے کی بات نہیں کرتے بلکہ انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے بحالی کیلئے پاکستان کوعالمی برادری اور عالمی اداروں کی مزید مدد کی ضرورت ہوگی، آلودگی پھیلانے والے ممالک کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ عالمی مسئلے کا مقابلہ کرنے میں ہماری مدد کریں۔ چارپانچ ماہ میں جن ملکوں سے رابطہ کیا اس کا بہترین رسپانس ملا، پچھلے چار سال امریکا، عرب اور ہمسایہ دوست ملکوں سے تعلقات متاثر ہوگئے تھے۔

وزیر خارجہ بلاول  بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ تعلقات کی بہتری کیلئے مزید محنت اور کام کرنے کی ضرورت ہے، اب ہم صحیح سمت میں چل رہے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چئیرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کو پہلے انسان اور پھر سیاستدان بننا چاہیے، ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوبا ہوا ہے اور عمران خان لانگ مارچ کی کال دے رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آڈیو لیکس کی سیاست نامناسب ہے۔