مرتضیٰ وہاب کا ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان

437

کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے عہدے سے استعفا دینے کا اعلان کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کراچی شہر کے لیے دن دیکھا نہ رات، بس کام کیا۔ تمام بڑی شاہراہوں کو ہم نے بنوایا۔ جس بلدیہ عظمیٰ کے لیے کہا کہ اختیارات نہیں، اسی نے کام کر کے دکھایا۔ہم نے شہر میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا۔ بس یہ غلطی کی کہ پیسہ اپنی جیب میں نہیں ڈالا بلکہ شہر کے لیے کام کرنے کا سوچا۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ میونسپل ٹیکس مصطفیٰ کمال اور وسیم اختر کے زمانے میں بھی تھا۔ مصطفیٰ کمال کے دور میں ٹیکس 200 روپے سے شروع ہوکر 5000 روپے تک جاتا تھا لیکن ہم نے کراچی والوں کے لیے سوچا لیکن شاید کچھ لوگوں کو کراچی میں کام ہوتا پسند نہیں تھا۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا وسیم اختر کے دور میں جو میونسپل ٹیکس اکٹھا ہوتا تھا وہ ایک پرائیویٹ کمپنی کے ذریعے اکٹھا ہوتا تھا لیکن میں نے سوچا کہ کیوں نہ اسے کسی سرکاری طریقے سے اکٹھا کیا جائے اور بہت مشکل سے اس کام کے لیے کے الیکٹرک اور اپنی صوبائی حکومت کو راضی کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارا کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدہ ہوا کہ جتنا پیسہ بھی میونسپل ٹیکس کی مد میں اکٹھا ہو گا وہ آپ ہمیں دیں گے لیکن شاید کچھ لوگوں کو یہ چیز پسند نہیں تھی۔