شہر کی خدمت کیلیے اہل کراچی پولیس کی نوکری میں دلچسپی لیں، ایڈیشنل آئی جی

389

کراچی: ایڈیشنل آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر قائد کی خدمت کے لیے اہلیان کراچی محکمہ پولیس میں ملازمت میں دلچسپی کا اظہار کریں۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سے متعلق میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔ کراچی کی بزنس کمیونٹی پورے ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کراچی کی بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔ دونوں مل کر اسٹریٹ کرائمز کا قلع قمع کریں گے۔

جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ کراچی میں پولیس نے 6600 کرمنلز گرفتار کیے ہیں۔ شہر میں اس وقت صرف 42 ہزار نفری موجود ہے، مزید بھرتیاں کرنی ہیں، جس کی سندھ حکومت نے اجازت دیدی ہے۔ صوبائی حکومت جلد کراچی پولیس کو نئی گاڑیاں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ڈیٹا کے مطابق کراچی میں کرائم کا درجہ 106 سے گھٹ کر 128 نمبر پر آیا ہے۔