قائداعظم کے ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

318

کراچی:وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن نہیں ہیں،قائداعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قائم مقام گورنرآغا سراج درانی کے ہمراہ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11 ستمبر کو کابینہ اراکین کے ساتھ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، بابائے قوم کی قائدانہ صلاحیت کے باعث آج ہم ایک آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متعلق پاور ڈویژن اور وزیراعظم کو پیغام پہنچایا ہے، پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن نہیں ہیں، لوگوں کی بحالی کا پروگرام بنایا ہے، کل لاڑکانہ میں تھا وہاں کراچی سیزیادہ گرمی ہے۔

انکا کہنا ہے کہ ہم سب کو متاثرین کی مدد کرنی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آئے تھے، انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ تباہی انہوں نے نہیں دیکھی، یہ کلائیمیٹ چینج کا نتیجہ ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہمیں کشمیر کے عوام کو بھی یاد رکھنا چاہیے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنیوا میں 160 بلین ڈالرز کی مد کیلئے اپیل کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خود حالات دیکھ کر گئے ہیں، ہماری 50 بلین روپے کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، ریکارڈ بارشوں کے باعث جو تباہی ہوئی ہے اس میں 15 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی بھی رائیٹ بینک میں 2 تا 3 فٹ بارش ہوئی ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیر پگھل رہے ہیں، زیادہ بارشیں ہوتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 450 ایم اے ایف پانی آیا ہے، جس سے ہمارے 23 اضلاع ڈوب گئے، 3 سے 6 مہینے ان شہروں اور فصلوں سے پانی نکالنے میں لگیں گے، ہمارا اندازہ ہے کہ سوا کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب گورنر سندھ آغا سراج درانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیاست سے پرہیز کریں، سیلاب نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے قائداعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی پر مزار قائد پر حاضری دی، مزار قائد پہنچنے پر کابینہ اراکین اور چیف سیکرٹری نے انکا استقبال کیا۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ نے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کا مزار پر پہنچنے پر استقبال کیا۔قائم مقام گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ہے ۔