سیلابی صورتحال کے باعث ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کرنے کی سفارش

516

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے ملک میں سیلابی صورتحال کے باعث ایم ڈی کیٹ کا 7ستمبر سے شروع ہونے والا امتحان ملتوی کرنے کی سفارش کر دی ۔

مسلم لیگ(ن)کی رکن کمیٹی زہرا ودود فاطمی نے امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم سی نے7ستمبر کو ایم ڈی کیٹ کے امتحان کے انعقاد کا اعلان کیا ہوا ہے ، سارے امتحانات ملتوی ہو چکے ہیں یہ کیوں نہیں ملتوی کر رہے، یہ امتحان ابھی نہیں ہو سکتے۔

دریں اثنا ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اس وقت پاکستان کی ادویات کی ایکسپورٹ 100 کے قریب ممالک کو جارہی ہے، یورپ اور یوکے کو بھی جاتی ہے،ہم نے کووڈ کے دوران جو انجکشن بنایا وہ تقریباً 32 ملکوں میں گیا۔

منگل کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس چیئرمین کمیٹی محمد افضل خان ڈھانڈلا کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) حکام نے کمیٹی کو اپنے ادارے سے متعلق بریفنگ دی ۔ رکن کمیٹی ثمینہ مطلوب نے کہا کہ ملک میں بحران والے حالات ہیں، سیلاب زدگان کے لئے بہت ادویات کی ضرورت ہے۔

رکن کمیٹی زہرا ودود فاطمی نے کہا کہ مانیٹرنگ بہت ضروری ہے، میں نے بہت ساری فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی شکایت کروائی تھی جن کی ایمرجنسی کی ادویات ایکسپائر پڑی ہوئی تھیں اور ابھی بھی ہیں، آپ مانیٹرنگ کے لئے اپنی ٹیم بھیجیں آپ کو پتہ چل جائے گا کہ یہ چھپا کر رکھتے ہیں۔ زہرا ودود فاطمی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ جو ادویات باہر بھجوائی جاتی ہیں ان کے نام فراہم کردیں۔ ڈریپ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اگر ڈریپ کا کوئی بھی افسر بدعنوانی میں ملوث ہوتا ہے تو ہم ایکشن لیتے ہیں۔

اجلاس کے دوران رکن کمیٹی زہرا ودود فاطمی نے کہا کہ پی ایم سی نے7ستمبر کو ایم ڈی کیٹ کے امتحان کے انعقاد کا اعلان کیا ہوا ہے ، سارے امتحانات ملتوی ہو چکے ہیں یہ کیوں نہیں ملتوی کر رہے، یہ امتحان ابھی نہیں ہو سکتے ، اس کا اعلان کریں۔ اس موقع پر کمیٹی نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کرنے کی سفارش کردی۔