حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،جاوید قصوری

264

کالاشاہ کاکو: صوبائی صدر جماعت اسلامی سینٹرل پنجاب جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ۔

جماعت اسلامی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سبسٹڈی کے خاتمے کے بعد فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز اور ریٹیلرز ٹیکس کے باعث بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیاہے، جبکہ آئے والے مہینوں میں بنیادی نرخ مرحلے وار بڑھنے اور سیلز ٹیکس عائد ہونے سے بلوں میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

تقریب سے ضلعی صدر رانا تحفہ دستگیر ،حاجی اسلم کمبوہ، سرفراز ریحان، محمد امین، دانش ندیم اعوان، احمد رضا کمبوہ ، رانا مجد علی، راشد خان، عمران مغل ہیرو سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں ۔ اس موقع پر مشاورت کے بعد رانا ظہیر احمد بابر کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 136سے جماعت اسلامی کا امیدوار نامزد کیا گیا۔ خطاب کرتے ہوئے جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعد اد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔ 30ہزار مکانات تباہ اور دولاکھ ایکڑ پر کھڑی تیار فصلیں برباد ، 670کلومیٹر پر محیط مختلف مرکزی شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں۔ حکومت سیلاب سے متاثر اضلاع کو آفت زدہ قرار دے کر ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کو تیز کرے۔

جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے رضا کار سیلاب متاثرین کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ تباہی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ مخیر حضرات دل کھول کر اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کریں۔

خطاب کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کے پاس بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں۔ آئی ایم ایف کے غلاموں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ فکسڈ ٹیکس کے خلاف تاجر جبکہ ٹوکن، انکم ٹیکس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار باراضافے کے خلاف ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج ہیں۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جہاں حکومتی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جاسکے۔