عمران خان ملک کے دفاع میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں،اب یہ تماشا ختم ہوچکا، مریم اورنگزیب

263

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے تحریک انصاف اور ملک کی ساکھ کو کمزور کیا اور اب یہ ملک کے دفاع میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، اب یہ تماشا ختم ہوچکا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کمپنیوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی اور اسے الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کیا اور جھوٹے حلف نامے کی شکل میں الیکشن کمیشن میں ڈیکلیئریشن جمع کروائی، یہ چور 8 سال بعد پکڑا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 منٹ تک عمران خان کے چیف آف اسٹاف کا بیپر ٹی وی پر چلتا رہا، کل عمران خان کو جھوٹ بولتے ہوئے پسینہ بھی آ رہا تھا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 5 سال جھوٹے حلف نامے جمع کرائے، ایف آئی اے تحقیقات کررہی ہے کہ فارن فنڈنگ کہاں استعمال ہوئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو بھی آج عمران خان سوال کرنا چاہیے کہ جس جماعت کو وہ ساتھ دیتے رہے اسے عمران خان نے الیکشن کمیشن میں غیرملکی امداد زدہ پارٹی کیوں ڈیکلئر کروادیا؟ کیوں 5 سال ‘فارن ایڈڈ پولیٹکل پارٹی’ بنے رہے؟

انہوں نے کہا کہ کل عمران خان ٹی وی پر بیٹھ کر وضاحتیں دے رہے تھے، یہ بھی بتا دیتے لیزا سی سے کتنے پیسے لیے اور کیوں لیے، یہ بھی بتاتے چرن جیت سنگھ، ورشا لوتھرا نے فنڈنگ کس لیے دی، غیر ملکی کمپنیوں سے جو فنڈنگ لی گئی وہ کہاں خرچ کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کا پیسا پکڑا گیا تو ملک میں انتشار اور انارکی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ انتشار پھیلانا بھی اسی فارن فنڈنگ کے منصوبے کا حصہ ہے۔