شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور،میڈیکل چیک اپ کرانے کا بھی حکم

413

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے اداروں کیخلاف اکسانے کے کیس میںڈاکٹر شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے ،عدالت نے شہباز گل کا میڈیکل چیک اپ کرانے کا بھی حکم دیا ہے ۔

عدالت نے شہباز گل کو دوروزہ ریمانڈ پر تھانہ کوہسار پولیس کے حوالہ کرتے ہوئے ملزم سے ہونے والی پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ دو روز بعد جمعہ کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

شہباز گل کو تھانہ کوہسار پولیس نے اسلام آباد کچہری میںڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کے سامنے پیش کیا۔ دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے شہبازگل کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

تاہم شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری اورعلی محمد بخاری نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور عدالت سے استدعا کی کہ شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا جائے، ملزم کے اوپر بے جا تشدد کیا گیا ہے اس لئے ملزم کا میڈیکل بھی کروایا جائے۔

دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل کا موبائل فون برآمد کرنا ہے، کس کے کہنے پر یہ پروگرام ہوا، اس چیز کی تفتیش کرنی ہے اور پروگرام میں جتنے لوگ بیٹھے ہیں ان کے حوالہ سے بھی تفتیش کرنی ہے، اس لئے ملزم کا 14روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو بعد میں سناتے ہوئے شہبازگل کو دوروزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور انہیں دوبارہ جمعہ کے روز عدالت میں تفتیش میں ہونے والی پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے شہباز گل کے میڈیکل چیک اپ کرانے کا بھی حکم دیا ہے ۔

واضح رہے کہ منگل کے اسلام آباد پولیس نے بغاوت کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو گرفتار کیا ، شہباز گل کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ غداری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ، مقدمہ سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ،مقدمے میں شہباز گل پر فوج کے خلاف اکسانے کا الزام اور  نجی ٹی وی چینل پر کی گئی گفتگو کا بھی ذکر کیا گیا ۔

متن کے مطابق ملزم نے بیان سوچ سمجھ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا نے کیلئے دیا ۔ ملزم ایسا بیان دے کر ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل مجرمانہ سازش کا مرتکب ہوا۔