پاک فوج کا ہیلی کاپٹر  لاپتا، کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے

671

کوئٹہ: پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک ہیلی کاپٹر جو لسبیلہ، بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا، لاپتا ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق  پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ایک ہیلی کاپٹر جو لسبیلہ، بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا،کا  اے ٹی سی سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق  ہیلی کاپٹر میں کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے، جو  بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لاپتا ہیلی کاپٹر کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لیے دعا گو ہے۔ ان شاءاللہ