بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری ایمرجنسی نافذ کی جائے، حافظ نعیم الرحمن

281
emergency

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور سیاسی ایڈمنسٹریٹر کراچی کے سارے دعوے اور نمائشی کام بارش میں بہہ گئے،شہر قائد میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری طورپر ایمرجنسی نانذ کی جائے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ14سال میں کراچی کے 5ہزار ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں کرپشن اور لوٹ مار، 11سو ارب کے پیکیج اور کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے جھوٹے دعدوں نے اہل کراچی کو بارش سے پیدا شدہ صورتحال میں شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دو چار کیا ہے، اورنگی نالے، گجر نالے، محمود آباد نالے اور اس سے متصل آبادیاں، سرجانی ٹان سمیت بہت سے علاقے بارش سے شدید متاثر ہو ئے ہیں، یونیورسٹی روڈو شاہراہ فیصل جس پر ہزاروں روپے خرچ کیے گئے تھے اور پاور ہاس چورنگی، ناگن چورنگی، شیر شاہ سوری روڈ بھی بارش کے پانی سے تالاب میں تبدیل ہو گئے

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور ایمرجنسی نافذ کر کے سنگین صورتحال کو بہتر کیا جائے اور عید الاضحی کے موقع پر بھی آلائشیں اٹھانے کا پہلے سے بندو بست کیا جائے، بارش سے پیدا شدہ صورتحال کی طرح مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت نے شہر میں 11رین ایمر جنسی سینٹرز قائم کیے ہیں اور ہیلپ لائن سروس بھی شروع کر دی ہے، جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، الخدمت کا نیٹ ورک کراچی سمیت ملک بھر میں انتہائی فعال اور سرگرم ہے، بارش کے دوران بھی جماعت اسلامی کے کارکنان متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ریلیف دینے میں مصروف ہیں، ہمارے کارکنان عید الاضحی کے موقع پر مہم چرم قربانی چلاتے ہیں، اہل کراچی الخدمت سے تعاون کریں اور قربانی کے جانوروں کی کھالیں الخدمت کو دیں۔