فنانس بل کے نفاذ سے معیشت کی چولیں ہل جائیں گی، ہمایوں اختر خان

205

لاہور: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) رہنما  ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ نام نہاد تجربہ کاروں نے اپنے اقتدار کے صرف 90دنوں میں ملک کی معیشت کو 10سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔

ہمایوں اختر خان نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت کی غلط پالیسیوں اوربجلی کاشارٹ فال 9000میگا واٹ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ سے نہ صرف عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا محال ہو گیاہے بلکہ ہر طرح کا کاروبار اورچھوٹی بڑی صنعتیں زبوں حالی کا شکار ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سے جو فنانس بل منظور کرایا گیا ہے اس کے نفاذ سے نہ صرف معیشت کی چولیں ہل جائیں گی بلکہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی مزید چیخیں نکلیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے حکمران اتحاد جو درجن سے زائد جماعتوں پر مشتمل ہے ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنے اپنے مسائل کے حل کےلئے کوشاں ہے ۔ تین ماہ بعد ہی حکومت کے اتحادی ایوانوں میں کھلے عام الگ ہونے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔

ہمایو اختر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے تو اتحادی حکومت کے ساتھ نہ صرف ملک کو بہتر طریقے سے چلایا بلکہ ترقی کی بنیاد بھی رکھی جبکہ امپورٹڈ حکومت نے تین ماہ میں ملک کی معیشت کا وہ حال کردیا ہے جس کا خمیازہ قوم کو آنے والے کئی سالوں تک بھگتنا پڑے گا ۔

 انہوں نے کہا کہ ملک صرف نعروں سے نہیں چلتے بلکہ اس کے لئے وےژن چاہیے ہوتا ہے جس سے موجودہ حکمر ان اتحاد عاری نظر آتا ہے،جن جماعتوں کو اپنی اپنی سیاست کی پڑی ہو وہ ملک کے مسائل کو حل نہیں کرسکتیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے فنانس بل کو مکمل تبدیل کر دیا اور اس کے نفاذ سے ملک کی معیشت مزید دباﺅ کا شکار ہو جائے گی۔